بھٹکل 29/اکتوبر (ایس او نیوز) کے ایم سی اسپتال منگلورو، روٹری کلب بھٹکل اور ویلفیئر اسپتال بھٹکل کے اشتراک سے خواتین کے لئے بریسٹ کینسر یعنی چھاتی کے کینسر سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے نوائط کالونی، آمنہ پیلیس میں ایک بیداری کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ میں کے ایم سی اسپتال منگلورو کی کنسلٹنٹ بریسٹ سرجن ڈاکٹر بسیلہ امیر علی نے چھاتی کے کینسر کے اثرات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر بسیلہ، جو پہلے ٹاٹا میموریل اسپتال ممبئی میں بریسٹ سرجیکل آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کا حصہ رہی ہیں، نے بروقت تشخیص کی اہمیت اور چھاتی کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لئے ضروری تدابیر پر زور دیا۔
ڈاکٹر بسیلہ نے اے سی ٹی آر ای سی، کھارگھر میں بریسٹ سرجیکل آنکولوجی میں مہارت حاصل کی ہے اور ایچ این سی آئی II، ممبئی میں ایسوسی ایٹ کنسلٹنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے چھاتی کے کینسر سے متعلق کئی تحقیقی مضامین شائع کیے ہیں، جبکہ انہوں نے 500 سے زائد چھاتی کے کینسر کے آپریشن بھی کیے ہیں، جن میں ماسٹیکٹومی، بریسٹ کنزرویشن، اور آنکو پلاسٹک سرجری شامل ہیں۔
ڈاکٹر بسیلہ نے وضاحت کی کہ چھاتی کا کینسر ہندوستان سمیت دنیا بھر میں خواتین میں پایا جانے والا ایک عام کینسر ہے۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب چھاتی کے خلیات غیر معمولی طور پر بڑھنے لگتے ہیں اور اگر بروقت تشخیص نہ ہو تو یہ جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاندانی پس منظر، عمر، جینیاتی تبدیلیاں اور طرز زندگی کے انتخاب اس بیماری کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں، لیکن بروقت اسکریننگ اور صحت مند طرز زندگی اپنا کر اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر بسیلہ نے پروجکٹر کے ذریعے خواتین کو چھاتی کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے عملی اقدامات سے آگاہ کیا اور متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور وزن کو مناسب رکھنے کی تلقین کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ روٹری کلب بھٹکل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ظہیر کولا نے مہمان اور شرکاء کا استقبال کیا جبکہ انجمن کالج کے پروفیسر مشتاق باوی کٹّے نے ڈاکٹر بسیلہ کا تعارف پیش کیا۔ ویلفئیر اسپتال کے ڈاکٹر نورالامین مصباح نے ڈاکٹر بسیلہ کو میمنٹو پیش کیا۔ اس موقع پر ویلفیئر اسپتال سے ڈاکٹر عالیہ نازنین، روٹری کلب بھٹکل کے صدر اشتیا ق رکن الدین، اراکین راجیش نائیک، شاکر ڈائگنومیڈ، سماجی کارکن نذیر کاشمجی، سیما کاشمجی اور دیگر کئی معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔